Aug ۱۱, ۲۰۲۱ ۰۱:۱۲ Asia/Tehran
  • کورونا ویکسین کی غیر منصفانہ تقسیم پر اقوام متحدہ کی نکتہ چینی

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دنیا میں کورونا ویکسین کی غیر منصفانہ تقسیم پر نکتہ چینی کی ہے۔

فارس نیوز کے مطابق اینٹونیو گوترش نے دنیا میں کورونا ویکسین کی غیر منصفانہ تقسیم پر اعتراض اور کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر اظہار تشویش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی نئی اقسام اور کورونا ویکیسن کی ناقابل قبول غیر منصفانہ تقسیم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اور گائڈ لائنوں کا تمام تر سنجیدگی سے پاس و لحاظ ضروری ہے۔

اس سے قبل میونخ کے سکیورٹی اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا تھا کہ دنیا کے پچھہتر فیصد کورونا ویکسین دنیا کے صرف دس ممالک میں تقسیم کئے گئے ہیں اور اب بھی سو سے زائد ممالک کو ویکسین نہیں مل سکا ہے۔

انہوں نے ممالک کو کورونا ویکسین کی فراہمی کی زمین ہموار کرنے کے لئے دنیا میں جاری تنازعات کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔

اس سے پہلے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل تڈروس اڈھانوم نے بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ کورونا ویکسین کی فراہمی میں دنیا کے ممالک کے مابین بڑی خلیج پیدا ہو گئی ہے اور بعض ممالک کورونا ویکسین کی دسیوں لاکھ اضافی ڈوز لینے کے درپے ہیں جبکہ بہت سے ممالک کے پاس حتیٰ اپنے طبی عملے کی ٹیکہ کاری کے لئے لازمی وسائل تک موجود نہیں ہیں۔

 

ٹیگس