Aug ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۲ Asia/Tehran
  • عالمی سطح پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی

ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد میں اضافے کے نتیجے میں شفایابی کی شرح کم ہوگئی ہے جبکہ پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر پوری شدت کے ساتھ جاری ہے ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ دنیا کا کوئی خطہ اس موذی وبا سے محفوظ نہیں ہے اور اس سے متاثرین نیز اموات میں روز افزوں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے سنیچر کو اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا سے اکتس ہزار تین سو چوہتر افراد شفایاب ہوئے لیکن اس دوران چھیالیس ہزار سات سو انسٹھ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے مزید پانچ سو نو افراد لقمہ اجل بنے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کے تین لاکھ انسٹھ ہزار سات سو پچھتر ہوگئی ہے۔
ہندوستان کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح بڑھ کے ایک اعشاریہ ایک صفر فیصد اور شفایابی کی شرح کم ہوکے ستانوے اعشاریہ پانچ چھے فیصد ہوگئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں اب تک باسٹھ کروڑ، انتس لاکھ نواسی ہزار ایک سو چونتس افراد کو، کورونا کا ٹیکہ لگایا جاچکا ہے۔
دوسری طرف پاکستان میں بھی کورونا کی چوتھی لہر پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے چار ہزار ایک سو اکیانوے نئے مریضوں اور ایک سو بیس نئی اموات کا اندراج کیا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کے ترانوے ہزار ایک سو سات ہوگئی ہے جن میں سے پانچ ہزار پانچ سو چھیانوے کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں اب تک پانچ کروڑ ، نو لاکھ پچاسی ہزار ایک سو چوراسی افراد کو کورونا کا ٹیکہ لگایا جاچکا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ دنیا میں کورونا سے متاثرین کی تعداد بڑھ کے اکیس کروڑ باسٹھ لاکھ چوبیس ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ اس موذی وبا سے مرنے والوں کی تعداد چوالیس لاکھ ننانوے ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد ایک کروڑ پچاسی لاکھ سولہ ہزار چھے سو سے زائد بتائی گئی ہے جن میں سے ایک لاکھ تیرہ ہزار لوگوں کی حالت تشویشناک ہے ۔
کورونا کے مریضوں اور اموات کے لحاظ سے امریکا بدستور پہلے نمبر چل رہا ہے۔ امریکا میں اب تک کورونا سے متاثرین کی تعداد چار کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے جن میں سے اکیاسی لاکھ چھے سو سے زائد افراد اسپتالوں اور قرنطینہ کے مراکز میں زیر علاج ہیں یا اپنے گھروں میں آئسولیشن میں ہیں ۔ امریکا میں تقریبا پچیس ہزار کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں

 

ٹیگس