قزاقستان، پرتشدد واقعات میں 160سے زائد ہلاک، 198 ملین ڈالرز کی املاک کا نقصان
قزاقستان میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہونے والے پرتشدد واقعات اور فسادات کے دوران 160 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
مقامی میڈیا نے وزارت داخلہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی اندازے کے مطابق ان واقعات میں تقریباً 198ملین امریکی ڈالرز مالیت کی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ 100 سے زیادہ کاروبار اور بینکس پر حملہ کر کے لوٹا گیا اور 400 کے قریب گاڑیوں کو تباہ کیا گیا۔
روسی خبر رساں ایجنسی اسپوتنک نے وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر دو بچوں سمیت 164 افراد پرتشدد واقعات کے دران قتل کیے گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ 103 افراد قزاقستان کے اہم شہر الماتی میں مارے گئے جو ان فسادات کا مرکز ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 5135 افراد کو بد امنی سمیت مختلف مقدمات میں پوچھ گچھ کے لیے گرفتار کیا گیا ہے۔
تیل کی دولت سے مالامال ایک کروڑ 90 لاکھ آبادی کے ملک کو ان پرتشدد واقعات نے ہلا کر رکھ دیا ہے۔