Jun ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۲:۴۳ Asia/Tehran
  • کولمبیا کے اسٹیڈیم میں حادثہ، 4 ہلاک 200 سے زائد زخمی۔ ویڈیو

 جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں بُل فائٹنگ کے مقابلے میں شائقین کا ایک بڑا اسٹینڈ گر گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا ایل ایسپنل شہر میں ہونے والے بُل فائٹنگ کے مقابلے میں حادثے کے بعد علاقائی گورنر نے میڈیا پر 4 افراد کے فوری ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں 2 خواتین، ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اتوار کے روز ہونے والے مقابلے کے دوران 3 منزلہ لکڑی سے بنا ہوا اسٹینڈ شائقین سے مکمل بھرا ہوا تھا جو اچانک زمین پر آگرا۔ مقامی طبی ذرائع کے مطابق قریبی اسپتالوں میں 200 سے زیادہ افراد کو  طبی امداد دی گئی جن میں سے 4 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

دریں اثناء ال ٹیمپو اخبار نے  شہری دفاع کے ڈائریکٹر میجر لوئس فرنینڈو ویلز کے حوالے سے واقعے میں 6 افراد کی موت کی اطلاع دی ہے جبکہ دو افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

حکام کے حادثے کا سبب جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں

ٹیگس