Oct ۰۶, ۲۰۲۲ ۲۰:۵۳ Asia/Tehran
  • تھائی لینڈ میں اندھا دھند فائرنگ، 38 ہلاک، بیشتر بچے

تھائی لینڈ کے شمال مشرقی صوبے میں جمعرات کو ایک شخص نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 38 افراد کو ہلاک کردیا۔

سحر نیوز/ دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق تھائی لینڈ کے شمال مشرقی صوبے نانگ بوا لمپھو میں ایک مسلح حملہ آور نے جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے ایک چائلڈ کیئر سینٹر پر اندھا دھند گولی چلا دی جس میں 38 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک شدگان میں 24 بچے شامل ہیں۔ اس گولی باری میں 10افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سفاک حملہ آور نے دو ڈھائی سال کے بچوں پر بھی رحم نہیں کیا اور ایک حاملہ خاتون ٹیچر کو بھی ہلاک کردیا۔

روئیٹر خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک مقامی ضلعی افسر جداپا بونسوم نے بتایا کہ گولی باری کے شروع میں لوگ سمجھ رہے تھے کہ یہ آتش بازی کی آواز ہے۔

اے ایف پی کے مطابق حملہ آور 34 سالہ سابق پولیس افسر تھا اور اس نے فائرنگ کے بعد اپنے گھر جا کر پہلے اپنی بیوی اور بچے کو گولی ماری اور اس کے بعد خود کو بھی گولی مارکر خودکشی کرلی۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آور کو گزشتہ سال منشیات کے استعمال کی وجہ سے پولیس کی نوکری سے برخاست کردیا گیا تھا۔

 

 

ٹیگس