Mar ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۳:۳۷ Asia/Tehran
  • کیجریوال گرفتاری معاملے میں جرمنی اور امریکہ کے بعد اقوام متحدہ کی اینٹری

اقوام متحدہ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ہندوستان میں ہر ایک شخص کے حقوق محفوظ ہوں گے اور لوگ آزاد اور منصفانہ ماحول میں ووٹ ڈال سکیں گے۔

سحرنیوز/ دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفین دُجارِک نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور کانگریس پارٹی کے بینک اکاؤنٹ منجمد کئے جانے کے تناظر میں آئندہ عام انتخابات سے پہلے ہندوستان میں سیاسی حالات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مذکورہ بات کہی۔ انہوں نے روزانہ کی پریس بریفنگ میں کہا کہ ہمیں جس چیز کی زیادہ امید ہے وہ یہ ہے کہ ہندوستان یا کسی بھی ملک میں جہاں انتخابات ہو رہے ہیں وہاں سیاسی اور شہری حقوق سمیت ہر ایک شخص کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور ہر کوئی شخص آزاد اور منصفانہ ماحول میں ووٹ ڈالنے کے قابل ہوگا۔

واضح رہے کہ امریکہ نے بھی کیجریوال کی گرفتاری اور کانگریس پارٹی کے بینک اکاؤنٹ منجمد کئے جانے پر اسی طرح کے سوال پر ردعمل ظاہر کیا تھا۔ اس کے ایک دن کے بعد ہی اقوام متحدہ کی طرف سے یہ ردعمل سامنے آیا ہے۔ اس سے پہلے جرمنی نے بھی کیجریوال کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ نے امریکہ اور جرمنی کے سفارتی نمائندوں کو طلب کرکے ہندوستان کے احتجاج سے آگاہ کیا تھا۔

 

ٹیگس