لندن میں ہزاروں فلسطینی حامیوں کا اسرائیل مخالف مظاہرہ ، نئے وزیر اعظم اسٹارمر کو فلسطین کے حامیوں کا انتباہ
برطانیہ کے عام انتخابات میں لیبر پارٹی کی کامیابی کے بعد، فلسطین کے ہزاروں حامیوں نے مظلوم اور بے دفاع فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی مذمت میں لندن میں احتجاج کیا ہے-
سحرنیوز/ دنیا: برطانیہ کے عام انتخابات میں "کیر اسٹارمر" کی قیادت میں لیبر پارٹی کی فتح کے ایک دن سے بھی کم مدت کے اندر ہی، فلسطین کے ہزاروں حامیوں نے مظلوم اور بے دفاع فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی مذمت لندن میں احتجاج کیا ہے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق، مختلف قومیتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے فلسطین کے حامی افراد، ایک بار پھر صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت اور فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے وسطی لندن کی سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین پہلے "راسل" اسکوائر میں جمع ہوئے اور اسرائیل مخالف نعرے لگانے کے بعد برطانوی پارلیمنٹ کی طرف مارچ کیا، اورفلسطینیوں کے بارے میں تل ابیب کی حمایت کے لئے سابق حکومت کے شکست خوردہ راستے کو جاری رکھنے کے بارے میں خبردار کیا۔
مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے غزہ میں جنگ بند کرنے اور مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانے کا مطالبہ کیا۔ فلسطین کے حامیوں نے اپنے نعروں میں غزہ جنگ کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے احکامات پر عمل درآمد اور اسرائیلی رہنماؤں کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا اور صیہونی حکومت کو اسلحے کی فروخت بند کرنے اور برطانوی سرزمین سے اس سفاک حکومت کے سفیر کو نکالے جانے کا مطالبہ کیا
فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کی مہم کے سربراہ اور آج ہفتے کے روز کے مظاہرے کے مرکزی منتظمین میں سے ایک بن جمال نے ارنا کو بتایا کہ "گزشتہ چند ہفتوں میں، ہم نے انتخابات میں مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کی کوشش کی، اور کل ہماری یہ محنت رنگ لائی۔ " اب ایسے نمائندے منتخب ہو چکے ہیں جن کے لیے مسئلہ فلسطین اہم ہے۔
انہوں نے نئے برطانوی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت صیہونی حکومت کی حمایت بند کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ وہ فلسطینی عوام کے ظلم و ستم میں شریک نہ ہو۔