وینزویلا: 2 شدید زلزلوں سے بھاری تباہی، ایمرجنسی نافذ
ویںزویلا میں یکے بعد دیگرے دو طاقتور زلزلوں سے بھاری تباہی ہونے کی خبریں ہیں۔ زلزلوں کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: کاراکاس سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وینزویلا میں بدھ کی شام 2 شدید زلزلے آئے جن کے نتیجے میں دارالحکومت کاراکاس میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ پہلا زلزلہ 7 اعشاریہ 2 شدت کا تھا جبکہ دوسرے زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 5 بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلوں سے کم از کم 32 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 700 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے کے بعد محسوس ہوئے۔ زلزلے کے جھٹکے اس قدر شدید تھے کہ عوام میں دہشت پھیل گئی۔ کاراکاس میں لوگ ہلتی عمارتوں کو جلدی جلدی خالی کر کے باہر نکلے۔
دریں اثنا وینزویلا کے قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے شدید زلزلوں کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
قائم مقام صدر کے مطابق مائی کیٹیا میں واقع مرکزی ایئر پورٹ کو زلزلے سے شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث ایئر پورٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔
قائم مقام صدر کا کہنا تھا کہ مزید زلزلے کے جھٹکوں کے خوف سے کاراکاس کے لوگ سڑکوں پر موجود ہیں۔
اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے کولمبیا اور برازیل کے بعض حصوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel