بوکو حرام کے حملوں کی وجہ سے اکیس لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر
Sep ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۸:۵۷ Asia/Tehran
انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے کہا ہے کہ نائیجیریا میں دہشت گرد گروہ بوکو حرام کے حملوں کی وجہ سے اکیس لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن آئی او ایم نے جمعے کے دن نائیجیریا میں حالیہ مہینوں کے دوران بوکوحرام کے حملوں میں اضافے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتیس مئی دو ہزار پندرہ کو محمد بوہاری کے برسراقتدار آنے کے بعد سے اب تک اس ملک کے ایک ہزار سے زیادہ افراد بوکو حرام کے حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن آئی او ایم نے اس سے قبل پندرہ لاکھ افراد کے بے گھر ہونے کے اعداد و شمار جاری کئے تھے۔ دہشت گرد گروہ بوکو حرام نے نائیجیریا میں ایک مستحکم حکومت اور طاقتور فوج کے فقدان سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اس ملک میں اپنے حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔ اس دہشت گرد گروہ نے نائیجیریا کے ہمسایہ ملک چاڈ پر بھی اپنے حملے شروع کر دیئے ہیں جبکہ دوسرے ہمسایہ ملکوں پر اپنے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔