وہ منفرد شرٹ جسے اے آئی کیمرے دیکھ نہیں پاتے
دنیا بھر میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سحرنیوز/سائنس/ٹیکنالوجی: اے آئی پر مبنی سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال متعدد مقامات پر کیا جا رہا ہے اور ڈیجیٹل نگرانی عام ہوتی جا رہی ہے۔
اس نگرانی سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایک فرد نے ایک ایسی شرٹ تیار کی ہے جس کا ڈیزائن کچھ ایسا ہے کہ اے آئی کیمرے اسے پہننے والے کو بطور فرد شناخت نہیں کرپاتے۔
اسے تیار کرنے والے فرد سائمن ویکرٹ نے بتایا کہ اے آئی سسٹمز میں متعدد ٹولز موجود ہوتے ہیں اور وہ کسی انسان کی شناخت کروڑوں تصاویر سے دی جانے والی ٹریننگ کی بنیاد پر کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سسٹمز کسی فرد کو مخصوص انداز سے شناخت کرتے ہیں اور اس کے لیے نظر آنے والے مخصوص پیٹرنز کی مدد لیتے ہیں اور یہی اس کی کمزوری ہے۔
ڈیجیٹل کیمو فلاج نامی یہ شرٹ کچھ اس طرح ڈیزائن کی گئی ہے کہ وہ اے آئی سسٹمز کو الجھا کر رکھ دیتی ہے۔
اس کے لیے یہ شناخت کرنا بہت مشکل ہوتا ہے کہ اسے پہننے والا کوئی انسان ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈیزائن اس لیے ضروری ہے کیونکہ آپ مشین کو اسی وقت خود کو دیکھنے سے روک سکتے ہیں جب آپ کو معلوم ہو کہ وہ مشین کیا نہیں دیکھ سکتی۔
یہ ڈیجیٹل کیموفلاج شرٹ دیکھنے میں تو کچھ زیادہ اچھی نہیں بلکہ اس کا رنگارنگ ڈیزائن بہت عجیب ہے۔
مگر سائمن ویکرٹ نے جن اے آئی سسٹمز پر اس کی آزمائش کی، وہ سسٹمز کسی فرد کو دیکھنے میں ناکام رہے۔
ہمیں فالو کریں:
Followus: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel