یورپی یونین کی جانب سے یمن میں جنگ بندی کی حمایت
Aug ۰۷, ۲۰۱۵ ۱۱:۳۰ Asia/Tehran
یورپی یونین کے انسان دوستانہ امداد کے کمیشن نے یمن کی المناک صورت حال کے پیش نظر اس ملک میں غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت پر تاکید کی ہے-
روزنامہ الخلیج کی انٹرنیٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے انسان دوستانہ امداد کے کمیشن نے ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ یمن میں جنگ بندی کی ضرورت ہے تاکہ امدادی ٹیمیں اور انسان دوستانہ ادارے یمنی عوام تک ضروری امداد پہنچا سکیں- یورپی یونین کے اس کمیشن نے مزید کہا ہے کہ متحارب فریقوں کو بغیر کسی پیشگی شرط کے جنگ بندی قبول کر لینا چاہئے- اس یورپی کمیشن نے یمن کی بحرانی صورت حال کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کے حالات دھماکہ خیز ہیں یہاں تک کہ اس وقت اسّی فیصد شہریوں کو مدد کی اشد ضرورت ہے - یورپی کمیشن نے ایک بار پھر تمام ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ انسان دوستانہ بین الاقوامی قوانین کی، کہ جو عام شہریوں کی مدد کے لئے بنائے گئے ہیں، پابندی کریں- یمن پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے حملے چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے جاری ہیں ان حملوں میں اب تک بڑی تعداد میں نہتھے شہری شہید ہو چکے ہیں جبکہ اقتصادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے اور بنیادی تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں-