Mar ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۶:۵۳ Asia/Tehran
  • امریکی اقدام عالمی قوانین کے منافی ہے، ایران کے وزیر خزانہ

ایران کے وزیر خزانہ علی طیب نیا نے لکسمبرگ میں ایران کے مرکزی بینک کے اثاثے منجمد کرانے کے امریکی اقدام کو، عالمی قوانین کے منافی قرار دیا ہے۔

کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی طیب نیا نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے دنیا میں کہیں بھی ایران کے اثاثوں کو منجمد کروانا یا ان میں تصرف کرنا، عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اسلامی جہموریہ ایران اپنے حقوق کی بالادستی کے لیے پوری توانائی بروئے کار لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ منجمد کئے گئے اثاثے ایران کے مرکزی بینک کی ملکیت ہیں اور تمام ممالک کو مرکزی بینکوں کے اثاثوں کا احترام کرنا چاہیے۔
ایران کے مرکزی بینک کے قانونی امور کے ڈائریکٹر نے بھی گزشتہ روز کہا تھا کہ امریکہ کی جانب سے لکسمبرگ میں ایران کے اثاثوں کو منجمد کرانا، عالمی قوانین کے منافی اور ناقابل قبول عمل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ لکسمبرگ کی ایک عدالت نے، امریکہ کی سرکردگی میں جاری ایران دشمن پالیسیوں کے تحت، ایران کے مرکزی بینک کے ایک ارب چھے سو ملین ڈالر کے اثاثے ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔