Apr ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۱ Asia/Tehran
  • پاکستان کی ایران کے ساتھ اپنے روابط کے استحکام پر تاکید

پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے روابط کے استحکام پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اسلام آباد میں اپنی ہفتے وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان مضبوط دو طرفہ تعلقات پائے جاتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ صدر ایران کے حالیہ دورہ اسلام آباد میں دونوں ملکوں کے سربراہوں کی ملاقات میں باہمی روابط کے ساتھ ہی علاقائی امور بھی زیر بحث آئے ۔

ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ ایران کے صدر اور پاکستان کے وزیر اعظم نے دہشت گردی اور منشیات کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے دونوں ملکوں کے اقتصادی اور تجارتی روابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں جبکہ ہمارے درمیان ترجیحی تجارت کا معاہدہ موجود ہے۔

انھوں نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی نسل کشی فوری طور پر بند کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ممتاز زہرا بلوچ اپنی ہفتے وار پریس بریفنگ میں پاکستان میں انسانی حقوق سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کردی ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق سے متعلق امریکا کی دو ہزار تئیس کی پوری رپورٹ کو مسترد کردیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ کی تیاری میں مناسب طریقہ نہيں اپنایا گیا۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے اسی کے ساتھ کہا کہ بیلسٹک پرزہ جات کی کمپنیوں پر پابندیوں پر پاکستان نے اپنی تشویش سے امریکا کو آگاہ کردیا ہے۔

ٹیگس