May ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں غریبوں کو دبایا جا رہا ہے: راہل گاندھی

ہندوستان کی کانگریس پارٹی کے نائب صدر نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب ہندوستان میں غریبوں اور کمزوروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے

ہندوستان کی کانگریس پارٹی کے نائب صدر نے کہا کہ دلتوں کو مسلسل دبایا جا رہا ہے اور یہ پورے ہندوستان میں ہو رہا ہے- ان کا کہنا تھا کہ ایسا صرف اتر پردیش میں نہیں ہو رہا ہے بلکہ پورے ہندوستان میں خوف و ہراس پھیلایا جا رہا ہے- راہل گاندھی نے کہا کہ اتر پردیش کی حکومت قانون کا راج قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے اورضلع سہارن پورکا گاؤں شبیرپوراس کی واضح مثال ہے-

اترپردیش کے سہارنپور ضلع کے شبیر پور گاؤں کے متاثرین سے ملنے سہارن پور جانے کی کوشش کر رہے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کو پولیس اور انتظامیہ نے ہریانہ بارڈر پر جمنا پل پر ہی روک دیا- اس کی مخالفت میں راہل گاندھی نے تقریبا ایک کلومیٹر پیدل مارچ کیا اور ایک ڈھابے پر صحافیوں سے بات چیت کی- میڈیا سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وہ شبیرپور کے لوگوں کا حال جاننا چاہتے تھے لیکن انہیں گاؤں میں نہیں جانے دیا گیا- انہوں نے کہا کہ پولیس وہاں پر نہ جانے کیا چھپانا چاہتی ہے جو مجھے جانے سے روکا گیا- راہل گاندھی نے بتایا کہ سہارن پور کے ڈی ایم اور ایس ایس پی نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ جیسے ہی شبیرپور کے حالات معمول پر آئیں گے وہ خود انھیں گاؤں لے کر جائیں گے-

کشمیر کی موجودہ حالت پر راہل گاندھی نے کہا کہ اس وقت کشمیر جل رہا ہے- انہوں نے کہا ہم نے کشمیر میں امن لانے کے لئے دس سال کام کیا- راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مودی نے دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا لہذا اب انہیں بتانا چاہئے کہ گزشتہ تین برسوں میں حکومت نے کتنے نوجوانوں کو روزگار دیا ہے-