Apr ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۳:۵۵ Asia/Tehran
  • روس کا امریکہ کو سخت انتباہ

روس کے نائب وزیر خارجہ نے واشنگٹن کو خبردار کیا ہے کہ اگر ہمارے ملک کے اثاثے ضبط کیے گئے تو ماسکو امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو کم کر سکتا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: روس کے نائب وزیرخارجہ سرگئی ریابکوف نے جی سیون ممالک کے ذریعے روسی اثاثوں کو ضبط کرنے کے ممکنہ اقدامات کے حوالے سے ایک انٹرویو میں کہا کہ جی سیون ممالک کی جانب سے اس کے اثاثوں کو ضبط کئے جانے کی صورت میں ماسکو بھی اقتصادی اور سفارتی جوابی اقدامات انجام دے سکتا ہے۔

ریابکوف نے اس بات کا ذکر کرتےہوئے کہ اس وقت ہم ان ممکنہ اقدامات کے مناسب جوابی ردعمل کا جائزہ لے رہے ہیں کہا کہ اگر گروپ سیون کے ممالک ہمارے اثاثوں کے خلاف کوئی اقدام انجام دیتے ہیں تو انہیں ہمارے سفارتی ردعمل کے علاوہ اپنے اثاثوں کے خلاف ہمارے بھی جوابی اقدامات کا انتظار کرنا چاہئے۔

روس کے نائب وزیر خارجہ نے پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ امریکہ اس وہم میں نہ رہے کہ ماسکو ہر حالت میں واشنگٹن کے ساتھ سفارتی تعلقات برقرار رکھنے کے لیے اپنی آغوش پھیلائے ہوئے ہے، ایسا نہیں ہے-

واضح رہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے یوکرین سے متعلق پابندیوں کے ایک حصے کے طور پر روس کے مرکزی بینک کے تقریباً تین سو ارب ڈالر کے اثاثے منجمد کر دیے ہیں، جن میں سے زیادہ تر یورپی یونین کے بینکوں میں ہیں ۔ واشنگٹن کافی عرصے سے روس کے اثاثوں کو ضبط کرنے کی حمایت کر رہا ہے تاکہ یہ رقم روس کے ساتھ یوکرین کے فوجی مقابلے کی حمایت میں کی ایف کے حوالے کی جا سکے- ریپو REPO سے موسوم قانون ، کہ جسے واشنگٹن کے قانون سازوں نے حال ہی میں یوکرین کے لیے اکسٹھ ارب ڈالر کے فوجی امدادی پیکج کے ساتھ منظور کیا ہے، امریکی صدر جو بائیڈن کو امریکی بینکوں میں موجود روسی فنڈز کو ضبط کرنے اور اسے کی ایف کے حوالے کرنے کی اجازت دیتا ہے-

روس کے تین سو ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں میں سے چھ ارب ڈالر سے زیادہ امریکی بینکوں میں ہیں ۔ کئی مغربی ممالک، خاص طور پر امریکہ اور برطانیہ کے حکام، ان خدشات کے باوجود کہ اس کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے، روسی اثاثوں کو مکمل ضبط کئے جانے پر اصرار کر رہے ہیں ۔ اس کے بالمقابل یورپی یونین، روس کی جوابی کارروائی کے خوف سے ایسا کرنے سے گریزاں ہے۔

رپورٹس کے مطابق یورپی یونین کے ممالک جو کہ روس کے منجمد اثاثوں کا بڑا حصہ رکھتے ہیں، اس بات سے پریشان ہیں کہ روسی اثاثوں کے ضبط کرنے سے یورو غیر مستحکم ہو جائے گا ۔

بین الاقوامی قانون کے تحت، کسی ملک کے اثاثے، سلامتی کونسل کے ووٹ، بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے یا جنگ کے بعد کے معاہدے کے ذریعے ضبط کیے جا سکتے ہیں، لیکن ان طریقوں میں سے کوئی بھی ممکن نظر نہیں آتا کیوں کہ اس سلسلے میں سلامتی کونسل میں ہونے والی کسی بھی ووٹنگ کو روس ویٹو کر دے گا۔

ٹیگس