Jan ۱۳, ۲۰۱۸ ۰۹:۱۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے رویے پر صیہونی سفیر سیخ پا

صیہونی وزیراعظم کے دورہ ہندوستان سے قبل ہندوستان کے رویے پر صیہونی سفیر نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہوکے ہندوستان کا دورہ شروع ہونے سے قبل اسرائیل کے سفیر ڈینیل کارمین نے کل نئی دہلی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ کے ذریعہ قدس شہرکو اسرائیلی دارالحکومت کے طور پر تسلیم کرنے کے لئے اقوام متحدہ میں ہوئی ووٹنگ پر ہندوستان کی طرف سے مخالفت میں ووٹ دینے پر اسرائیل کو ملال ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ تعلقات کومضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ہیں۔

اسرائیلی سفیرکارمین نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا اقوا م متحدہ میں قدس کے سلسلے میں ووٹنگ سے قبل اسرائیل نے ہندوستان سے رسمی طورپر درخواست کی تھی کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی رابطہ مسلسل قائم تھا۔

دوسری جانب ہندوستان کی پارلیمنٹ کے نمائندوں، علماء اور اس ملک کی اسلامی تنظیموں نے صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ممکنہ دورہ ہندوستان کی مخالفت کرتے ہوئے دورے کی مذمت کی۔

پارلیمنٹ کے نمائندوں، علماء اور اس ملک کی اسلامی تنظیموں کے بیانات میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کی جاری جارحیت اور فلسطینی عوام کے قتل عام کی مذمت کی گئی اور ہندوستان کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ بنیامین نیتن یاہو کے دورے کو منسوخ کیا جائے۔

ہندوستان کے عوام نے اس سے قبل صیہونی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو فلسطینی عوام کا قاتل اور جارح قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ صیہونی وزیر اعظم کے دورہ ممبئی کی سخت مزاحمت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو 14 جنوری کو ہندوستان کے پہلے دورے پر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ٹیگس