Mar ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۱:۵۷ Asia/Tehran
  • اسلامی ملکوں کے سربراہوں کے نام صدر ابراہیم رئیسی کا پیغام

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اسلامی ملکوں کے سربراہوں کے نام ایک پیغام میں بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ میں ماہ مبارک رمضان میں صیہونی حکومت کی جارحانہ کاروائیوں کی بابت خبردار کیا ہے-

سحرنیوز/ ایران: صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے اسلامی ملکوں کے سربراہوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ بلاشبہ ان دنوں غزہ ميں نسل کشی کا تسلسل اور فلسطین کے مغربی کنارے میں صیہونی حکومت کے جنگی جرائم، امت مسلمہ کے اہم ترین خدشات ہیں- انہوں نے مزید کہا کہ غاصب اسرائیلی حکومت کے خطرناک اہداف میں سے ایک ، فلسطینیوں کے تمام آثار حیات اور شناخت کو مٹادینا اور سماجی و شہری تباہی کے حالات پیدا کرنا نیز غزہ اور مغربی کنارے کے باشندوں کو ہمسایہ ممالک میں جبری نقل مکانی پر مجبور کرنا ہے-

صدر رئیسی نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت جان بوجھ کر امریکہ کی ملی بھگت سے فلسطینی قوم اور اس کے تشخص کی مکمل نابودی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ فلسطین اورغزہ میں ہونے والی انسانی تباہی کو روکنے کی ذمہ داری بین الاقوامی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور عالمی عدالت انصاف پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حساس صورت حال میں اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں، اسلامی جمہوریہ ایران، ایک قوم کی وحشیانہ کھلی نسل کشی کے جاری رہنے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے، ایک بار پھر موثر اقدامات کے ذریعے نسل کشی کو روکنے، مکمل طور پر محاصرہ اٹھانے اور غاصب صیہونی حکومت کے مجرم حکمرانوں کو عدالت کے کٹہرے میں لاکر کھڑا کرنے پر زور دیتا ہے-

اسرائیلی فوج نے حال ہی میں فلسطینی نمازیوں کو داخلے سے روکنے کے لیے مسجد الاقصیٰ کی طرف جانے والے راستے بند کر دیے تھے تاہم قدس کی غاصب حکومت کے سخت حفاظتی اقدامات کے باوجود دسیوں ہزار فلسطینی نمازی ، مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے کے لیے قلندیہ چوکی سے گزرے تاکہ رمضان کے مقدس مہینے کے پہلے جمعہ کی نماز ادا کرسکیں-

ٹیگس