Feb ۱۱, ۲۰۱۸ ۰۹:۰۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی جانب سے آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان مذاکرات کے ذریعے فلسطین کو خود مختار ریاست دیکھنا چاہتا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی فلسطین پہنچے جہاں انہوں نے مغربی کنارے کے شہر راملہ میں  فلسطینی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات میں مسئلہ فلسطین کے پرامن حل پر زور دیتے ہوئےدوطرفہ تعلقات میں توسیع سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

فلسطینی صدر سے ملاقات میں نریندر مودی نے آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان چاہتا ہے کہ فلسطین بات چیت کے ذریعے ایک آزاد اور خودمختار ریاست بنے۔

ہندوستان اور فلسطین کے درمیان فلسطین کے انفرااسٹرکچر کے لیے چار کروڑ ڈالر سے زائد کے چھ منصوبوں پر دستخط ہوگئے، ہندوستانی وزیراعظم مودی کا کہنا ہے کہ امید کرتے ہیں فلسطین جلد ایک آزاد ملک بن جائے گا۔

ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی اور فلسطینی صدر محمود عباس کے درمیان ملاقات میں فلسطین میں اسپتال، خواتین سینٹر، پرنٹنگ پریس اور اسکولوں کی تعمیر کے سمجھوتوں کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ مشکل حالات میں بھی فلسطین اور ہندوستان کی دوستی قائم رہی، فلسطینی عوام نے بہت سے چیلنجز کا دلیری اور بہادری سے ڈٹ کرمقابلہ کیا جب کہ ہندوستان مستقبل میں بھی ہمیشہ فلسطین کی ترقی کے سفر کی حمایت کرتا رہے گا۔

قبل ازیں نریندر مودی نے فلسطینی وزیراعظم رامی حمداللہ سے ملاقات  کی اور ان کے ہمراہ یاسر عرفات میوزیم کا دورہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ نریندر مودی پہلے ہندوستانی وزیراعظم ہیں جنہوں نے فلسطینی علاقوں کا دورہ کیا ہے۔

ٹیگس