Sep ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۲:۵۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کا راج، مزید 99 ہزار مبتلا

ہندوستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیز اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار133 اموات ہوئیں۔

ہندوستانی میڈیا نے آج اتوار کو مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 98 ہزار825 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 54 لاکھ 619 ہو گئی۔

اسی عرصے کے دوران 94 ہزار 612 مریض صحت مند ہوئے ہیں جس سے کورونا سے شفا حاصل کرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 43 لاکھ 3 ہزار43 ہو گئی ہے۔ اسی مدت کے دوران مزید ایک ہزار 133 مریضوں کی اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 86 ہزار752 ہو گئی ہے۔

عالمی وبا کووڈ 19 کے ہندوستان میں تباہ کن پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے ایک مہم کے تحت 12 لاکھ سے زیادہ کورونا وائرس کے نمونوں کا ریکارڈ ٹیسٹ کیا گیا۔

آج انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 19 ستمبر کو ملک میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 12 لاکھ 6 ہزار 806 نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا ۔

خیال رہے کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 30 جنوری کو سامنے آیا تھا۔

6 اپریل تک جانچ کی تعداد 10 ہزار تھی۔ اس کے بعد جیسے ہی وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا نمونوں کی جانچ میں بھی تیزی آئی۔ 7 جولائی کو نمونوں کی جانچ کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ گئی اور اس کے بعد ٹیسٹنگ میں تیزی آئی اور 17 ستمبر 2020 کو یہ تعداد 6 کروڑ ہو گئی۔

ٹیگس