Oct ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۹:۴۳ Asia/Tehran
  • کانگریس نے کشمیر میں زمین کی خرید و فروخت کے قانون میں ترمیم کی مخالفت کردی

ہندوستان کی کانگریس پارٹی نے جموں و کشمیر میں زمین کی خریداری کے قانون میں ترمیم کی مخالفت کردی ہے۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ان کی جماعت جموں و کشمیر میں اراضی سے متعلق قانون میں ترمیم کی مخالف ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر میں ہر ہندوستانی شہری کو زمین خریدنے کی اجازت دینے کے قانون کی مخالفت کرتی ہے۔ کانگریس پارٹی کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا کہ مودی حکومت جموں و کشمیر کے عوام کی منشا کے خلاف قانون مسلط کر رہی ہے۔
کانگریس پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر میں زمین کے مالکان کو وہ سیکورٹی بھی فراہم نہیں کی گئی جو ہیماچل پردیش، اتراکھنڈ اور دیگر پہاڑی علاقوں کے عوام کو حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر کو مرکز کا زیر انتظام علاقہ بنائے جانے کی بھی مخالف ہے۔

ٹیگس