Nov ۱۹, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۲ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر داخلہ کا اربعین حسینی کے زائرین کی بہتر خدمات کے لئے حکومت عراق کے ساتھ مزید  تعاون کا اعلان
    ایران کے وزیر داخلہ کا اربعین حسینی کے زائرین کی بہتر خدمات کے لئے حکومت عراق کے ساتھ مزید تعاون کا اعلان

ایران کے وزیر داخلہ نے اربعین حسینی کے زائرین کی بہتر خدمات کے لئے حکومت عراق کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خبر دی ہے۔

ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں شلمچہ سرحد پر واقع بنیادی تنصیبات کے معائنے کے دوران نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے حالات اور اربعین حسینی کے موقع پر عراق جانے والے ایرانی زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر سرحد کے اس پار ایرانی زائرین کی مدد و رفاہ کے لئے کچھ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے اربعین حسینی کے اجتماعات میں شرکت کے لئے پا پیادہ عراق جانے والے زائرین سے کہا کہ وہ لازمی طور پر ضروری دستاویزات، خاص طور سے پاسپورٹ، کے ساتھ متعلقہ سرحدی دفاتر سے رجوع کریں کیونکہ معتبر دستاویزات کے بغیر کسی کو بھی سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مقامات مقدسہ کے زائرین بھی اربعین حسینی کے موقع پر اس طرح اپنے سفر کا پروگرام ترتیب دیں کہ ان کی واپسی ایک خاص وقت میں نہ ہو تاکہ ان کو وطن واپسی کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اربعین حسینی کے موقع پر شلمچہ سرحد سے پانچ لاکھ اسی ہزار زائرین عراق گئے تھے اور اندازہ ہے کہ اس سال اس موقع پر زائرین کی یہ تعداد دس لاکھ سے بھی تجاوز کرجائے گی۔

ٹیگس