May ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۹:۰۴ Asia/Tehran
  • ایران اپنے دفاع کے لئے کسی سے اجازت نہیں لے گا: ڈاکٹر علی اکبر ولایتی

بین الاقوامی امور میں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ ایران اپنے دفاع کے لئے کسی سے اجازت نہیں لے گا

ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے ایران کے میزائلی پروگرام کے بارے میں امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی دفاعی توانائیوں کی تقویت کے لئے کسی سے اجازت نہیں لےگا - انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے بعض دائمی ممبران منجملہ روس کا کہنا ہے کہ ایران کے ذریعے کئے جانے والے میزائلی تجربات ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہیں -

امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان الیزبتھ ٹروڈو نے اس سے پہلے بے بنیاد دعوی کیا تھا کہ امریکا ایران کے بیلسٹک میزائلی تجربات کو اشتعال انگیز سمجھتا ہے جس سے سیکورٹی اور استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے -

امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے دعوی کیا تھا کہ ایران کے میزائلی تجربات سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کے منافی ہیں -

واضح رہے کہ ایرانی حکام منجملہ وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے بارہا کہا ہے کہ تہران کا میزائلی پروگرام صرف دفاعی مقاصد کے لئے ہے اور ایران کے بیلسٹک میزائل ایٹمی وار ہیڈ لےجانے کے لئے ڈیزائن نہیں کئے گئے ہیں -

ٹیگس