یمنی عوام کا یو اے ای کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کے خلاف سخت ردعمل
متحدہ عرب امارات کی توسیع پسندانہ اور جارحانہ پالیسیوں سے تنگ آئے یمن کے عوام نے، یو اے ای کے صدر محمد بن زاید کی تصاویر کو عمارتوں سے اکھاڑ پھینکا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمنی ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی حمایت یافتہ حضرموت قبائل کے اتحاد کے قریبی ذرائع نے "غیل بن یمین" اور "غیل بن وزیر" نامی دو شہروں کے متعدد مورچوں سے متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ جنوبی عبوری کونسل کے دستبردار ہونے کی خبر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، عبوری کونسل کی فورسز کا ان علاقوں سے انخلاء حضرموت میں حالیہ میدانی کشیدگی کے بعد انجام پایا ہے جس میں کئی فوجی اڈوں اور مورچوں کو چھوڑنا شامل ہے۔
انخلاء کرنے والے یو اے ای کے حمایت یافتہ عناصر کی تعداد، خالی کی گئی پوزیشنوں کی نوعیت اور اس دستبرداری کی صحیح وجوہات کے بارے میں ابھی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
یہ دستبرداری سعودی عرب کی جانب سے دھمکیوں اور ڈیڈ لائن کے بعد عمل میں آئی ہے جس میں جنوبی یمن میں زیرِ قبضہ علاقوں سے عبوری کونسل کی فورسز کے فوری اور پرامن انخلاء کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ یمن کے جنوبی علاقوں اور وہاں موجود قدرتی ذخائر پر قبضہ جمانے کی خواہشیں، دو عرب ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو ایک بار پھر آمنے سامنے لے آئی ہیں جو اب تک کئی خونی جھڑپوں کا باعث بھی بن چکی ہیں۔