Apr ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۶:۲۴ Asia/Tehran
  • پانی پر سفارتکاری ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم ترین حصہ

ایران نے کہا ہے کہ پانی کے معاملے پر سفارتکاری اس کی خارجہ پالیسی کا اہم ترین حصہ ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پانی کے معاملے پر سفارتکاری تہران کی خارجہ پالیسی اور دیگر ملکوں کے ساتھ تعاون کا اہم ترین حصہ ہے-

انہوں نے تہران میں ایران کے ایوان صنعت و تجارت، معدنیات اور زراعت میں پانی سے متعلق  ورچوئل واٹر کے زیرعنواں منعقدہ  کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیگر ملکوں کے پاس پانی کے مشترکہ ذخائر کے معاملے میں باہمی تعاون کے سوا اور کوئی چارہ نہیں ہے-

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پہلے قدم کے طور پر دنیا بھر کے لوگوں کو پانی کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا جانا ضروری ہے-

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے پانی کے بحران کو پسماندگی، تنزلی، عدم استحکام اور تنازعات کا باعث قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں پانی کے ذخائر کے حامل ملکوں اور ان ملکوں کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے کہ جن کے پاس پانی کے ذخائرنہیں ہیں۔

ورچوئل واٹر کے زیرعنواں یہ کانفرنس، ہفتے کو تہران میں شروع ہوئی ہے جو اتوار تک جاری رہے گی-

واضح رہے کہ اس سلسلے کی دوسری کانفرنس ہالینڈ میں ہو گی-