Aug ۲۶, ۲۰۱۸ ۱۵:۲۷ Asia/Tehran
  • کرمانشاہ میں زلزلہ دو جاں بحق اور تین سو سے زائد زخمی

ایران کے مغربی صوبے کرمانشاہ میں زلزلے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور تین سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

صوبہ کرمانشاہ کے ڈیزاسٹرمینیجمنٹ کے سربراہ نے کہا ہے کہ چھے اعشاریہ ایک شدت کا زلزلہ تازہ آباد شہر میں آیا جس میں دو افراد جاں بحق اور تین سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ خبروں کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبائی صدر مقام کرمانشاہ سے اٹھاسی کلومیٹر دور تازہ آباد شہر میں آٹھ کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
صوبہ کرمانشاہ کے ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کے سربراہ صائب مدرسی نے بتایا کہ زخمیوں میں اٹھارہ افراد کو نسبتا شدید چوٹیں آئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک سترہ سالہ نوجوان بھی شامل ہے جو دل کا عارضہ لاحق ہونے سے جاں بحق ہوگیا اور ایک حاملہ خاتون خوف کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
ایران کے وزیرداخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے دورے پرروانہ ہو رہے ہیں۔ گذشتہ برس بارہ نومبر کو بھی ایران کے مغربی علاقوں خاص طور پر صوبہ کرمانشاہ میں سات اعشاریہ تین کی شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں چار سو تراسی افراد جاں بحق اور بارہ ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ٹیگس