میکسیکو میں زلزلہ، ملک کی صدر اور دیگر لوگ جان بچا کر بھاگے، کم سے کم 2 افراد ہلاک
میکسیکو کی صدر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں کہ اسی وقت 6 اعشاریہ 5 شدت کا زلزلہ آگیا، صدر سمیت ہال میں موجود سبھی لوگ جان بچا کر باہر کی طرف بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
سحرنیوز/دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق میکسیکو کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں 2 جنوری کی شام 6 اعشاریہ 5 شدت کے طاقتور زلزلے نے لوگوں میں شدید خوف و دہشت پھیلا دی۔ جس وقت زلزلہ آیا اس وقت میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شنبام نئے سال کی اپنی پریس کانفرنس کر رہی تھیں۔ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ صدر کلاؤڈیا اور وہاں موجود لوگ فوراً ہال سے نکل کر باہر کی طرف بھاگے۔
ہال کے باہر پہنچنے کے بعد جب زلزلہ ختم ہوا تو صدر کلاؤڈیا دوبارہ ہال میں پہنچیں اور اپنی پریس کانفرنس پھر سے شروع کر دی۔ انھوں نے موجود لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے گوریرو کی گورنر ایلون سالگاڈو سے بات کی ہے۔ ابھی تک کسی سنگین نقصان کی کوئی رپورٹ نہیں ملی ہے۔‘‘
اطلاعات کے مطابق میکسیکو کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں جمعہ کو آنے والے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ’ایسو سی ایٹیڈ پریس‘ کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو سٹی میں زلزلہ کے جھٹکے اتنے تیز تھے کہ اونچی عمارتیں ہلنے لگیں اور لوگ اپنے گھروں سے نکل کر کھلے مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔
گوریرو ریاست کے گورنر ایولین سالگاڈو نے بتایا کہ زلزلے سے گوریرو میں 50 سالہ خاتون کی موت ہوئی ہے جب کہ میکسیکو سٹی کی میئر کلارا بروگاڈا نے 60 سالہ شخص کی موت کی تصدیق کی اور کہا کہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channe
زلزلے کا مرکز گوریرو ریاست کے سین مارکوس کے پاس تھا، جہاں لوگوں نے زمین کو واضح طور پر لرزتا ہوا محسوس کیا۔
قابل ذکر ہے کہ میکسیکو زلزلہ کے لحاظ سے دنیا کے سب سے حساس ممالک میں سے ایک ہے۔