بنگلہ دیش: ڈھاکہ میں زلزلہ، بنگلہ دیش آئرلینڈ کرکٹ میچ بیچ میں روکنا پڑا
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں آج زلزلہ آنے اور اس کی وجہ سے میزبان ٹیم کا آئرلینڈ سے جاری میچ کچھ دیر کے لیے روکے جانے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ڈھاکہ سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق شیربنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے درمیان میچ جاری تھا کہ اسی دوران 5 اعشاریہ 7 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔
زلزلے کے باعث کھلاڑی خوفزدہ ہوگئے اور میچ کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا تاہم زلزلے سے اسٹیڈیم میں موجود کھلاڑی اور شائقین محفوظ رہے۔
صورت حال معمول پر آنے کے بعد میچ دوبارہ شروع کردیا گیا لیکن شائقین کو اپنی نشستوں پر واپس آنے میں وقت لگا۔
بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز صبح کے وقت شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں زلزلہ تقریباً 10 بج کر 38 منٹ پر 56 ویں اوور کے دوران محسوس کیا گیا۔
5 منزلہ میڈیا سینٹر سمیت اسٹیڈیم میں موجود کئی افراد عمارت سے باہر نکل آئے، کھلاڑی اور متعلقہ افسران تقریباً 3 منٹ تک پچ کے قریب جمع رہے۔