Dec ۰۷, ۲۰۱۸ ۱۰:۰۹ Asia/Tehran
  • چابہار دھماکہ معاشی ترقی، استحکام اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کی سازش

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے چابہار دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایک بیان میں چابہار میں دہشت گردوں کی سفاکانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چابہار کا واقعہ دشمن کی جانب سے مشرقی سرحدوں پر معاشی ترقی، استحکام اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔ انہوں نے اس واقعے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ پوری دنیا اس بات سے واقف ہے کہ دہشت گرد کن کے اشاروں پر چل رہے ہیں اور ان کی پشت پناہی اور حمایت کہاں سے کی جارہی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ آج بعض ممالک کے پالے ہوئے دہشتگرد اور انتہاپسند عناصر نے چابہار میں ایک اور سفاکانہ کارروائی کی اور وہ اس علاقے کی اقتصادی ترقی کو متاثر کرکے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ایران کی مشرقی سرحد غیرمستحکم ہے اور یہاں علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کا امکان نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایسی سفاکانہ کارروائیوں میں ملوث عناصر کو قانون کے شکنجے میں لاکر انھیں ان کے غیرانسانی جرائم کی کڑی سزا دے گا۔

یاد رہے کہ دہشت گردوں نے چابہار کے پولیس مرکز کو کار بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور 40 زخمی ہوئے۔

ٹیگس