Jan ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۰:۳۴ Asia/Tehran
  • ایرانی، آزادی کا چالیسواں جشن سڑکوں پر منائیں گے: حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کل رات امریکی حکام کو جنہوں نے کہا تھا کہ ایرانی عوام چالیسویں جشن آزادی کو نہیں دیکھ سکیں گے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام آزادی کا چالیسواں جشن سڑکوں پر منائیں گے۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کل رات صوبہ گلستان کے شیعہ اور سنی علماء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے ابتدائی ایام سے لے کر اب تک دشمن مختلف سازشوں کے ذریعے اسلامی انقلاب اورایرانی عوام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ایرانی عوام کی ہوشیاری اور بیداری سے ان کے تمام  سازشی منصوبے خاک میں مل گئے۔

صدر مملکت  نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ پیغمبر اکرم (ص) کی تعلیمات پر عمل کر کے کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے کہا کہ ایرانی قوم نے ہمیشہ  اپنی استقامت، بہادری اور پائمردی سے دشمن کو شکست دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام نے ہمیشہ اپنی استقامت و پامردی کے ذریعے دشمنوں کو شکست دی ہے اور اس سال اپنے اسلامی انقلاب کا جشن ہر سال سے زیادہ پرشکوہ انداز میں پورے ملک کی سڑکوں پر نکل کر منائیں گے۔صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے عوام نے جارح اور منہ زور طاقت کے سامنے کبھی بھی سرتسلیم خم نہیں کیا ہے اور نہ ہی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام ارادوں کی جنگ میں امریکا کو شکست دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایٹمی معاہدے سے نکلنے کے بعد ایران پر دباؤ ڈالنے کے لئے ہمہ جانبہ یلغار کی ہے لیکن وہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا۔

اس سے قبل کل پیر کی صبح ایران کے شمالی شہر گلستان کے دورے کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حسن روحانی نے کہا کہ ایران جلد ملکی ساختہ دو نئے سیٹلائٹس کو خلاء میں بھیجے گا. آئندہ ہفتوں میں ایرانی جامعہ امیرکبیر کے سائنسدانوں کی جانب سے تیار کئے گئے لانچر کے ذریعے دو نئے سیٹلائیٹ بشمول پیام سیٹلائیٹ کو خلاء میں بھیجے گا جو زمین سے 600 کلومیٹر کے فاصلے پر اپنے مدار میں گردش کرے گا.

صدر روحانی نے ایرانی قوم کی سائنس کے شعبے میں روز افزوں ترقی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران جینیاتی میدان میں مشرق وسطی اور علاقے کی پہلی پوزیشن پر ہے جو سائنسی، اقتصادی، تعلیمی اور فوجی کامیابیوں کی علامت ہے.انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کی سازشوں سے خوفزدہ نہیں اور تمام مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں لہذا امریکہ، ناجائز صہیونی حکومت اور ان کے حامی ممالک ایرانی عوام کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکتے.

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے گذشتہ برس آٹھ مئی کو خود سرانہ طریقے سے بین الاقوامی ایٹمی معاہدے سے نکلنے کا اعلان کرکے ایران کے خلاف پابندیاں دوبارہ عائد کردیں۔ ٹرمپ کے اس اقدم کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی۔اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں امریکی اور صیہونی اقدامات اور سازشوں کے مقابلے میں بنیادی کردارادا کررہا ہے۔

ٹیگس