Mar ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۸:۴۱ Asia/Tehran
  • مغربی آزادی بیان عالم اسلام کی توہین کے لئے ایک جواز ہے، وزیرخارجہ محمد جواد ظریف

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ آزادی بیان کا دم بھرنے والے، مسلمانوں کے آزادی بیان کی سرکوبی کرتے ہیں جبکہ آزادی بیان کے نام پر وہ مسلمانوں کی ہر طرح کی توہین کرتے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے، جو او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لئے ترکی کے شہر استنبول کے دورے پر ہیں آئی آر آئی بی سے گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے دہشت گردانہ واقعے کو مغرب کی زیرقیادت اسلام مخالف ایک خطرناک کارروائی قرار دیا اور کہا کہ بعض مغربی حکام اور ادارے خاموشی اختیار کرکے اور یا اس خطرناک اقدام کی حمایت کر کے اس وحشیانہ جرم میں شریک ہیں۔انھوں نے نیوزی لینڈ کے سانحے کو مسلمانوں کے خلاف جاری سازشی عمل کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی درخواست پر ترکی نے مناسب قدم اٹھاتے ہوئے اس مسئلے کا جائزہ لینے کے لئے فوری طور پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں نیوزی لینڈ میں دہشت گردانہ واقعے کی مذمت اور اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر تدابیر کی ضرورت پر زور دیا جائےگا۔ یہ اجلاس جمعے کو استنبول میں منعقد ہو رہا ہے۔