Jul ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • جارح قوتوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ایرانی وزیر دفاع

ایران کے وزیردفاع امیر حاتمی نے کہا ہے کہ دشمن جس سطح پر ایران کی حدود اور ارضی سالمیت کی خلاف ورزی اور جارحیت کا ارتکاب کریں گے اسی حساب سے انہیں ایران کی جانب سے منہ توڑ اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایران کے وزیردفاع جنرل امیر حاتمی نے غاصب صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتنیاہو کی حالیہ دھمکی کو اقوام متحدہ کے رکن ملکوں کے خلاف دھونس و دھمکی اور زور و زبردستی کی زبان استعمال نہ کئے جانے کے تعلق سے اس عالمی ادارے کے منشور کی کھلی خلاف ورزی قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دین مبین اسلام کی تعلیمات اور اقوام متحدہ کے منشور کی شق نمبر اکیاون کے مطابق اپنے جائز دفاع کے حق کو محفوظ رکھتے ہوئے جارح طاقتوں کا پوری قوت کے ساتھ جواب دینے کے لئے تیار ہے۔ ایران کے وزیردفاع نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ صیہونی حکومت کے خطرناک عزائم کے سلسلے میں تل ابیب انتظامیہ سے جواب طلب کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن و سلامتی کے اصول اور قوانین کا تقاضا ہے کہ صیہونی حکومت کے اس طرح کے دھمکی آمیز بیانات کا نوٹس لیا جائے۔ صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتنیاہو نے ابھی حال ہی میں دھمکی دی تھی کہ اسرائیل جدید ترین ایف پینتیس جنگی طیاروں کے ذریعے ایران کو نشانہ بنائے گا۔ نتنیاہو نے کہا کہ یہ طیارے پورے مشرق وسطی منجملہ ایران اور شام کے جس علاقے میں بھی چاہیں گے پرواز کریں گے۔

ٹیگس