Dec ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۲:۴۸ Asia/Tehran
  • سعودی عرب نے دنیا میں سب سے زیادہ ہندوستانیوں کو کیا ملک بدر! کیا ہے اس کی وجہ؟

سعودی عرب نے سب سے زیادہ ہندوستانی شہریوں کو ملک بدر کیا ۔ خلیج فارس کے ممالک میں ملک بدری کے معاملات غیر قانونی سرحد پار کرنے کے بجائے ویزا اور لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان:   سعودی عرب نے گزشتہ پانچ برسوں میں سب سے زیادہ تعداد میں ہندوستانی شہریوں کو ملک بدر کیا ہے جبکہ امریکہ سے ملک بدری کے اعداد و شمار نمایاں طور پر کم ہیں۔ یہ معلومات ہندوستانی وزارت خارجہ نے راجیہ سبھا میں پیش کردہ سرکاری اعداد و شمار کے ذریعہ فراہم کی ہے۔ اعداد و شمار سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ خلیج فارس کے ممالک میں ملک بدری کے معاملات غیر قانونی سرحد پار کرنے  کے بجائے ویزا کی خلاف ورزیوں اور لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق ہیں۔ 18 دسمبر، 2025 کو ایک تحریری سوال کے جواب میں، وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے کہا کہ اگرچہ بہت سے ممالک حراستی ڈیٹا کو باقاعدگی سے شیئر نہیں کرتے ہیں، لیکن ایمرجنسی سرٹیفکیٹ کے ذریعہ ملک بدری کی تعداد ہندوستانی شہریوں کے خلاف کی جانے والی کارروائی کا قابل اعتماد اشارہ فراہم کرتی ہے۔

حکومت کی طرف سے شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، سعودی عرب نے 2021 سے 2025 کے درمیان دنیا میں سب سے زیادہ ہندوستانی شہریوں کو ملک بدر کیا ہے۔ ریاض میں ہندوستانی مشن کے اعداد و شمار کے مطابق 2021 میں 8,887، 2022 میں 10,277، 2023 میں 11,486، 2024 میں 9206 اور 2025 میں(اب تک) 7019افراد کو ملک بدر کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ زیادہ اعداد و شمار سعودی عرب میں وقتاً فوقتاً اقامہ قوانین، لیبر ریفارمز، ویزا اوور اسٹے اور سعودائزیشن کی پالیسیوں کے تحت چلائی جانے والی سخت مہمات کا نتیجہ ہیں۔

اس کے برعکس، امریکہ  کی امیگریشن پالیسی پر شدید بحث کے باوجود، امریکہ سے ہندوستانی شہریوں کی ملک بدری کی تعداد کافی کم رہی ہے۔ وزارت خارجہ کی طرف سے امریکی ہندوستانی مشنوں سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق، واشنگٹن ڈی سی سے ملک بدری کی تعداد 2021 میں 805، 2022 میں 862، 2023 میں 617، 2024 میں 1,368، اور 2025 میں 3,414 تھی۔ ہندوستان کے وزارت وزارت خارجہ کے مطابق، ہندوستانی شہریوں کی ملک بدری کی اہم وجوہات میں ویزا سے زائد عرصہ تک رہنے، درست ورک پرمٹ کے بغیر کام کرنا، آجر سے فرار (مفرور)، مقامی لیبر قوانین کی خلاف ورزیاں، اور وقتاً فوقتاً کئے جانے والے بڑے پیمانے پر نفاذ کی کارروائیاں ہیں۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ہندوستان کی مرکزی حکومت نے کہا کہ وہ بیرون ملک مقیم ہندوستانی شہریوں کی حفاظت، وقار اور بہبود کو سب سے زیادہ ترجیح دیتی ہے۔ ہندوستانی مشنز میزبان ممالک کی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ملک بدری کے عمل اور شہریوں کی محفوظ اور بروقت واپسی میں قانون کے مطابق عمل کیا جائے۔

ٹیگس