Dec ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۴:۴۰ Asia/Tehran
  • پارلیمانی انتخابات : 16ہزار امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

ایران کے آئندہ پارلیمانی انتخابات میں شرکت کے لیے سولہ ہزار سے زائد امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

ایران کے چیف الیکشن کمشنر جمال عارف نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے گیارہویں پارلیمانی انتخابات کے لیے سولہ ہزار ایک سو پینتالیس افراد نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں اٹھاسی فی صد  مرد اور بارہ فی صد خواتین امیدوار شامل ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق تین ہزار دو سو نو امیدواروں کی عمریں چھتیس سے چالیس سال کے درمیان ہیں جبکہ دوہزار آٹھ سو تینتیس کی عمریں بیالیس سے پینتالیس سال کے درمیان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام شروع کردیا گیا ہے اور آج رات تک اہل امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائے گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے گیارہویں پارلیمانی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آغاز یکم دسمبر کو ہوا تھا اور سات دسمبر تک جاری رہا -

ایران کے پارلیمانی انتخابات کے لئے اکیس فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور ایران کے عوام پارلیمنٹ کی دوسو نوے نشستوں کے لیے اپنے امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔

ٹیگس