Jan ۱۶, ۲۰۲۰ ۰۰:۰۸ Asia/Tehran
  • عراقی رضاکار فورس نے جنرل سلیمانی کی بیٹی سےکیا وعدہ، انتقام ضرور لیا جائے گا !

عراقی رضاکار فورس النجباء تحریک کے سکریٹری جنرل شیخ اکرم الکعبی شہید جنرل قاسم سلیمانی کے گھر پر حاضر ہوئے اور انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ مزاحمتی محاذ بہت جلد ہی دہشت گردی اقدامات کرنے والے عناصر سے انتقام لے گا، جنرل قاسم سلیمانی کی بیٹی سے وعدہ کیا کہ اب عراق میں امریکی، ان کے ایجنٹ اور ان کے حامی چین سے نہیں بیٹھ سکیں گے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد تحریک النجباء کے سکریٹری جنرل شیخ اکرم الکعبی ان کے گھر پر حاضر ہوئے اور ان کے اہل خانہ سے گفتگو کی۔  

انہوں نے جنرل قاسم سلیمانی کے اہل خانہ کو شہادت کی تعزیت پیش کرتے ہوئے جنرل قاسم کی حسین یادوں کا ذکر کیا اور شہید جنرل قاسم سلیمانی کی بیٹی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار میں نے آپ کو عراق میں جنرل قاسم سلیمانی کے ساتھ دیکھا تھا، اگر آپ کو یاد ہوگا تو وہ افطار کا وقت تھا۔ مجھے بہت عجیب سا لگا، میں نے جنرل قاسم سلیمانی سے پوچھا کہ کیوں اپنی بیٹی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور ان کو عراق لائے ہیں؟ انہوں نے جواب دیا کہ میری بیٹی مجھ سے بہت وابستہ ہے، زیادہ تر وہ میرے ساتھ ہی چلنے کی ضد کرتی ہے، اسی لئے میں بھی کبھی کبھی اسے اپنے ساتھ لانے پر مجبور ہو جاتا ہوں۔

انہوں نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ محاذ استقامت نے امریکی دہشت گردوں سے سخت انتقام لینے کا وعدہ کیا ہے، کہا کہ خدا وند متعال سے دعا ہے کہ آپ سب کو صبر جمیل عطا کرے، آپ کو جنرل قاسم سلیمانی پر فخر کرنے کا حق ہے لیکن انشاء اللہ بہت جلد ہی آپ جنرل قاسم سلیمانی کے انتقام کی خبر سنیں گے۔

تحریک النجباء کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ میں یہاں آپ کو تعزیت پیش کرنے اور آپ سے یہ وعدہ کرنے آیا ہوں کہ عراق میں اب امریکی چین سے نہیں بیٹھ سکیں گے۔

شیخ اکرم الکعبی نے جنرل قاسم سلیمانی کے اہل خانہ سے کہا کہ آپ دعا کریں کہ اسلام کے حقیقی دشمنوں کے مقابلے میں مزاحمت کامیاب و کامران ہو۔

ٹیگس