Mar ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۹ Asia/Tehran
  • سخت اور دشوار سال کے باوجود ایرانی عوام کے درخشاں کارنامے رہے: رہبر انقلاب

1399 هجری شمسی کے آغاز پر حسب دستور امسال بھی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ایرانی قوم کو ٹی وی کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے ایک اہم پیغام دیا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے نئے ہجری شمسی سال کا سلوگن تیز رفتار اقتصادی پیداوار قرار دیا ہے اور فرمایا کہ تیز رفتار اقتصادی پیداوار کا اثر عام شہریوں کی زندگی میں دیکھا جانا چاہئے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے نئے ہجری شمسی سال تیرہ سو ننانوے کے آغاز کی مناسبت سے اپنے پیغام میں نئے سال کے آغاز کا دن حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت سے مصادف ہوجانے کا ذکر کرتے ہوئے باب الحوائج حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی خدمت میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا اور ایرانی قوم خاص طور پر شہدا، جنگ کے دوران معذور ہوجانے والوں اور میڈیکل اور علاج و معالجے کے میدان میں فداکاریاں انجام دینے والوں کے اہل خانہ کو عید سعید مبعث نیز عید بہار نوروز کی مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی نئے ہجری شمسی سال کا سلوگن تیز رفتار اقتصادی ترقی قرار دیا-

رہبر انقلاب اسلامی نے گذشتہ ہجرسی شمسی سال کے دوران شہید ہونے والوں منجملہ شہدائے دفاع حرم ، سرحدوں کی حفاظت پر تعینات شہدا اور بالخصوص شہید بزرگوار جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس اور ان کے شہید ساتھیوں اور جانبازوں نیز حادثۂ کرمان، مسافر طیارے کے حادثے کے شہدا اور کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے کے دوران شہید ہونے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کے اہل خانہ کو تعزیت اور مبارکباد پیش کی اور فرمایا کہ ایرانی عوام کے لئے گذرا ہوا سال ایک پر تلاطم سال تھا -

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ پچھلے سال کا آغاز سیلاب سے ہوا تھا اور اس کا اختتام کورونا پر ہوا اور گذشتہ سال کے دوران زلزلہ اور پابندیوں جیسے واقعات کا بھی ایرانی عوام کو سامنا کرنا پڑا لیکن ان تمام واقعات میں سر فہرست واقعہ امریکا کی دہشت گردی اور ایران و اسلام کے سردار نامدار جنرل سلیمانی کی شہادت کا واقعہ تھا -

رہبر انقلاب اسلامی نے گذشتہ برس کی آزمائشوں کو سخت آزمائشوں سے تعبیر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی قوم صرف آرام و آسائش کے ساتھ کسی مقام پر نہیں پہنچ سکتی۔ آپ نے فرمایا کہ مشکلات پر غلبہ اور ان مشکلات کو پورے صبر و حوصلے کے ساتھ عبور کرنے سے ہی ایک قوم طاقتور بنتی ہے اور اس کا اعتبار اور اقتدار دنیا میں بلند ہوتا ہے جیسا کہ ایرانی عوام نے اب تک اسی انداز میں مشکلات پر غلبہ حاصل کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے -

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران کے خلاف پابندیوں سے اگرچہ نقصانات ہوئے ہیں لیکن ان پابندیوں کے نتیجے میں ہمیں فائدے بھی حاصل ہوئے ہیں اور ہم مجبور ہوئے کہ ملک کی ضروریات کے سامان اپنی ملکی توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تیار کریں اور اپنی ضرورتیں خود پوری کریں - اور یہ انتہائی اہم جذبہ ، تحرک اور عملی اقدام انشاء اللہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ گذرا ہوا سال ایک سخت اور دشوار سال تھا اور عوام کی مشکلات بھی کم نہیں تھیں لیکن ان مشکلات کے ساتھ ساتھ ایرانی عوام کو غیر معمولی عزت و سربلندی بھی نصیب ہوئی اور حقیقت میں ایرانی عوام نے شاندار کارنامے انجام دئے۔

ٹیگس