May ۲۲, ۲۰۲۰ ۲۱:۱۰ Asia/Tehran
  • ایران، ایک لاکھ سے زائد افراد نے کورونا کو شکست دی

ایران میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک ایک لاکھ دو ہزار سے زائد افراد کو اسپتالوں سے رخصت کر دیا گیا ہے۔ ۔

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے جمعے کو اپنی روزانہ کی پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ اب تک ایک لاکھ دو ہزار تین سو گیارہ افراد کورونا سے مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں اور انہیں اسپتالوں سے گھر بھیج دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے میں دو ہزار تین سو گیارہ نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ اکتیس ہزار چھے سو باون ہوگئی ہے۔

ڈاکٹر کیانوش جہانپور کے مطابق کورونا وائرس کے نئے مریضوں میں سے زیادہ تعداد ایسے لوگوں کی ہے جو کورونا وائرس کے مریضوں کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔ ایران کی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پچھلے جوبیس گھنٹے کے دوران کورونا سے اکیاون اموات سامنے آئی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد سات ہزار تین سو ہو گئی ہے۔

اس وقت ساری دنیا کورونا وائرس کے بحران سے دوچار ہے اور عالمی سطح پر اس موذی وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد پچاس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔دنیا بھر میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ پینتیس ہزار جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بیس لاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے۔

ٹیگس