یمن کی ارضی سالمیت پر ایران نے زور دیا
وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے یمن کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جنوبی اور مشرقی یمن میں سیکورٹی کی صورتحال کا قریب سے مشاہدہ کر رہا ہے اور تمام فریقوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ تحمل کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے موجودہ مسائل کو حل کریں اور یمن کے عوام کی سلامتی اور مفادات پر توجہ دیں۔
سحرنیوز/ایران: وزارت خارجہ کے ترجمان نے یمن کی وحدت اور ارضی سالمیت کے تحفظ کے لیے علاقائی ممالک کو اجتماعی کوششیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کسی بھی ایسے اقدام کو مسترد کرتا ہے جس سے یمن اور خطے میں عدم استحکام کی صورتحال پیدا ہو-
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران یمن کے بحران کا واحد حل جامع مذاکرات، روڈ میپ پر عملدرآمد اور یمن کی علاقائی وحدت اور سالمیت کے دائرے میں ایک جامع حکومت کی تشکیل کو سمجھتا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں یمن کی جنوبی عبوری کونسل کی افواج، یمن کے جنوبی صوبوں کے بڑے حصوں پر کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق عبوری کونسل کی فورسز نے حال ہی میں صوبہ حضرموت میں پیش قدمی کی ہے اور سیؤن شہر پر قبضہ کرنے کے علاوہ سعودی عرب کی سرحد سے متصل صحرائی علاقوں میں تیل کے بعض ذخیروں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔