Jun ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۹:۴۵ Asia/Tehran
  • دشمن کی ہر حماقت کا منہ توڑ جواب دیاجائےگا: جنرل باقری

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے ایران کے خلاف دشمن کی مسلسل فتنہ انگیزی کا ذکر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دشمن نے اگر کوئی بھی غلطی کی تو ایران اس کا منھ توڑ جواب دے گا۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے پیر کے روز اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی (رح) کی برسی کی آمد کے موقع پر کہا ہے کہ امام خمینی (رح) کی رحلت کو اکتیس برس گذر چکے ہیں اور اسی وقت سے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای دشمنوں کی تمام تر سازشوں کے باوجود اسلامی بیداری و استقامت کی تقویت اور اس کے معنوی و فکری اقتدار اور اسی طرح وسعت عمل بڑھانے کے ساتھ ساتھ عالمی استکبار اور تسلط پسند طاقتوں کے مقابلے میں اقوام عالم کی ثابت قدمی میں اضافے کے لئے حقیقی رہنمائی فرماتے رہے ہیں۔

جنرل باقری نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ اسقامت پوری طرح فعال اور تیزی کے ساتھ آگے کی جانب بڑھ رہی ہے کہا کہ عالم اسلام میں استقامت کی بنیاد اور مغربی ایشیا کے محاذ پر استقامتی محاذ کی طاقت کا اظہار، داعش دہشت گرد گروہ کی شکل میں عالمی سازش، تکفیری دہشت گردی اور نیابتی جنگ کی شکست اور اسی طرح سینچری ڈیل سازشی منصوبے کی ناکامی پر منتج ہوئی ہے اور اس وقت استقامتی محاذ علاقے بلکہ پوری دنیا سے امریکا کے نکلنے کے مطالبے میں تبدیل ہو چکا ہے۔

جنرل محمد باقری نے کہا کہ دشمنوں کی خواہش کے برخلاف اسلامی جمہوریہ ایران سخت سے سخت اور کٹھن سے کٹھن مراحل طے کر کے ماضی سے کہیں زیادہ طاقت و عظمت کے ساتھ اپنی ترقی و پیشرفت اور عظمت و اقتدار کا راستہ طے کر رہا ہے۔

دوسری جانب ایران کی مسلح افواج کے ترجمان نے امریکہ میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات کو امریکا کی جھوٹی ہیبت کا بت پاش پاش ہونے کی واضح علامت قرار دیا اور کہا کہ امریکی سامراج کی ہڈیاں ٹوٹنے کی آوازیں سنائی دینے لگی ہیں۔

ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر ابو الفضل شکارچی نے امریکی صدر کے نسل پرستانہ رویے اور امریکی عوام خاص طور سے سیاہ فام شہریوں کے خلاف اس ملک کی پولیس کے غیر انسانی اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے بارے میں اپنے کھوکھلے دعؤوں کے برخلاف امریکہ کی استکباری حکومت نے عوامی احتجاجات کے مقابلے میں اپنے ناپاک چہرے سے خود ہی نقاب اتار لی ہے اور عوام کے مقابلے میں امریکی حکومت نے شرمناک طریقۂ کار اختیار کر کے اپنے ملک کی جھوٹی جمہوریت کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب امریکہ کا استکباری نظام اپنے ملک میں وسیع پیمانے پر کشیدگی و بدامنی سے دوچار ہے، وائٹ ہاؤس کا حکمراں ٹولہ اپنی مداخلت پسندانہ پالیسیوں کی بدولت نہ صرف علاقے بلکہ پوری دنیا میں بہت زیادہ مسائل و مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے۔

 

 

 

ٹیگس