Jul ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • عراقی وزیر دفاع کی ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سے ملاقات

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ علیحدگی پسندانہ سوچ کے نتیجے میں دشمنوں کی حرص میں اضافہ اور عراق میں عدم استحکام اور بدامنی کا راستہ ہموار ہو گا۔

تہران میں عراق کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عرفان الحیالی سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی شمخانی نے کہا کہ دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے والے ممالک کے درمیان تعاون، خطے میں دہشت گرد گروہوں کے دوبارہ منظم ہونے کی روک تھام میں موثر واقع ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ  اس اقدام کے نتیجے میں دہشت گردوں کے مقابلے کی آڑ میں خطے میں بیرونی مداخلت کا راستہ بھی بند ہو جائے گا۔
ڈاکٹر علی شمخانی نے عراق کی ارضی سالمیت اور یکجہتی کو اس ملک میں آباد تمام قوموں کے مفادات کے تحفظ کی ضمانت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام اور حکومت، عراق میں امن و امان کی مکمل بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کی غرض سے تمام ضروری میدانوں میں تعاون جاری رکھے گی۔

عراق کے وزیر دفاع عرفان الحیالی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی حکومت کی حمایت کرنے پر ایران کی حکومت، عوام اور مسلح افواج کی قدردانی کی۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے موصل میں داعش پر عراقی قوم کو فتح دلانے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔
عراق کے وزیر دفاع نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عراق اور ایران کے مفادات مشترک ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا فروغ خطے کے امن و استحکام میں مددگار ثابت ہو گا۔

ٹیگس