Aug ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۳:۰۴ Asia/Tehran
  • غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کی ترجمان روینا شمداسانی نے غزہ کا محاصرہ ختم کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

روینا شمداسانی نے غزہ پٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی قوانین کے تحت غاصب قوت کے طور پر غزہ کے مکینوں کے حقوق کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔انسانی حقوق کمشنر کی ترجمان نے غزہ پٹی میں بجلی کی فراہمی میں تعطل، بنیادی سہولتوں اور طبی خدمات کے فقدان اور پینے کا صاف پانی میسر نہ ہونے کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پرسخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بار بار کے تعطل نے غزہ کے مکینوں خاص طور سے کمزور طبقات کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ صیہونی حکومت نے سن دوہزار چھے سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور اس علاقے میں ایندھن، غذائی اشیا، اور تعمیراتی سازو سامان کی ترسیل پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔