Jan ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • بیت المقدس اور غرب اردن سے متعدد  فلسطینی گرفتار

صیہونی فوجیوں نے منگل کی رات مقبوضہ بیت المقدس میں جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیارہ فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا جن میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے علاقے رام اللہ اور البیرہ سے چار اور نابلس سے دو فلسطینیوں کو گرفتار کیا جبکہ مشرقی نابلس میں ایک فلسطینی صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں زخمی ہوا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے جب سے بیت المقدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کی حیثیت سے تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے فلسطینیوں کی صیہونی مخالف تحریک اور صیہونی حکومت کی جارحیت کے مقابلے میں استقامت کا عمل مزید تیز ہو گیا ہے اور انتفاضہ قدس کے آغاز سے اب تک صیہونی فوجیوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں بائیس فلسطینی شہید اور ہزاروں دیگر زخمی ہو چکے ہیں اور فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد کو صیہونی فوجیوں نے گرفتار کر لیا ہے۔
دوسری جانب غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ ساتھ امریکی حکومت بھی بیت المقدس کے بجائے ابودیس کے علاقے کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دینے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ ابودیس ایک چھوٹا علاقہ ہے جو صرف چار کلومیٹر کے رقبے میں پھیلا ہوا ہے اور وہاں کی آبادی بھی بہت کم ہے۔
مختلف فلسطینی گروہوں منجملہ فلسطین کی خودمختار انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے بھی اس سلسلے میں صیہونی حکومت اور امریکہ کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔

ٹیگس