Jan ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۷:۴۶ Asia/Tehran
  • یمن میں وبائی مرض پھیلنے پر عالمی ادار صحت کا انتباہ

عالمی ادارہ صحت نے یمن میں ڈیفتھیریا کا مرض پھیلنے پر سخت خبردار کیا ہے۔

ڈیفتھیریا ایک مہلک اور وبائی مرض ہے جس کے نتیجے میں انسان پھیپھڑے متاثر ہو جاتے ہیں اور پھر کھانسی، بخار، گلے میں خراش ہوجاتی ہے اور بڑھتے بڑھتے گردوں اور دل کے امراض پیدا اور ہاتھ پیر مفلوج ہو جاتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق یمن میں اب تک سات سو زائد افراد اس مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
عالمی ادار صحت نے اس سے قبل بھی اس مرض کے پھیلنے کے بارے میں انتباہ دیا تھا۔
اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسف نے بھی اعلان کیا ہے کہ مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر شروع ہونے والی سعودی جارحیت میں تقریبا پانچ ہزار بچے جاں بحق و زخمی ہو چکے ہیں۔
یونیسف کی رپورٹ میں منگل کے روز اعلان کیا گیا ہے کہ یمن میں اٹھارہ لاکھ بچے غذائی قلت کا شکار ہیں اور چار ہزار بچے ایسے ہیں جن کو فوری طور پر علاج و معالجے کی ضرورت ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق نصف سے زائد یمنی بچوں کو طبی امداد اور پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے اور وہ غربت و افلاس، بیماری و دربدری اور غذائی قلت کا شکار ہیں جبکہ ستّر فیصد سے زائد یمنی بچے انتہائی غربت میں زندگی بسر کر رہے ہیں اور ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد یمنی بچوں کو فوری طور پر انسان دوستانہ امداد کی ضرورت ہے۔
یمنی اسکولوں کے بارے میں رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر دو ہزار سترہ تک یمن میں دو سو چھپن اسکول مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ ڈیڑھ سو اسکولوں میں جنگی پناہ گزین رہائش پذیر تھے۔
یمن پر سعودی جارحیت میں اس ملک کی بنیادی تنصیبات بھی تباہ ہوگئی ہیں اور یمن کے محاصرے اور غذائی اشیا نیز دواؤں کی قلت اور اسی طرح وبائی امراض میں مبتلا ہو کے اب تک بائیس سو سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کی حمایت سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس میں اب تک تیس ہزار سے زائد یمنی شہری شہید و زخمی اور دسیوں لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ سعودی عرب کی جانب سے اس غریب عرب ملک کے جاری محاصرے کی بنا پر اس ملک میں غذائی اشیا اور دواؤں کی بھی شدید قلت ہے اور اس وجہ سے بھی عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج نے سعودی عرب کے علاقے نجران میں ایک فوجی ہیڈکوارٹر کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ حملہ الخضرا سرحدی گذرگاہ کے علاقے میں کیا گیا۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے منگل کے روز بھی سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب کے علاقے جازان کے ایرپورٹ کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے یمن کے ہمہ جہتی محاصرے کے باوجود یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی و فوجی توانائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
دریں اثنا سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے سعودی عرب کے علاقے جبل قیس میں سعودی فوجی ٹھکانے پر کئے جانے والے حملے میں کئی سعودی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے۔

ٹیگس