افغانستان میں تعلیمی مرکز پر حملہ، 18 ہلاک، 57 زخمی
Oct ۲۴, ۲۰۲۰ ۲۲:۴۶ Asia/Tehran
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے خودکش حملے میں 18 افراد ہلاک اور 57 دیگر زخمی ہوگئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ خودکش حملہ تعلیمی مرکز کے قریب ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کابل کے مغربی ضلع میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو تربیت دینے اور کورسز کرانے والے تعلیمی سینٹر کے قریب حملہ سہ پہر کے وقت ہوا۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائین نے بیان میں کہا کہ خودکش بمبار تعلیمی سینٹر میں داخل ہونا چاہتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سینٹر کے گارڈز کی جانب سے شناخت کیے جانے کے بعد خودکش بمبار نے باہر ہی خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق دھماکے میں 18 افراد ہلاک اور 57 زخمی ہوئے۔
ابھی تک کسی گروہ یا شخص نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم طالبان نے ایک بیان جاری کرکے حملے میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔