May ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۶:۱۹ Asia/Tehran
  • نوازشریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ مسترد کردیا

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ مسترد کردیا ہے

پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ بالکل غلط ہے، یہ بڑا خوفناک ،تکلیف دہ اور غلط فہمی پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہم تنہا ہو گئے ہیں،کوئی ملک ہے جوآج ہمارے ساتھ ہے، نام بتائیں؟سابق وزیراعظم نوازشریف نے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد بھی میڈیا سے گفتگو کی.اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں صرف پاکستانی شہری نہیں، قوم نے مجھے وزیراعظم بھی بنایا، بہت کچھ جانتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جانا چاہیے، اب پتا لگنا چاہیے کہ اس ملک کو اس نہج پر کس نے پہنچایا؟انہوں نے مزید کہا کہ کون ہیں وہ لوگ جو پاکستان کے تحفظ کی بات کرتے رہے، کون محب وطن اور کون غدار ہے فیصلہ ہو جانا چاہیے ، جب میں نے قومی سلامتی کمیٹی میں یہ باتیں کیں تو ڈان لیکس بنادیا گیا۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے ممبئی حملوں کے بارے میں حالیہ متنازع بیان سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کے لیے گزشتہ روز پیر کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا تھا جس میں نواز شریف کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی تھی۔