Nov ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۷:۱۹ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر فرانس کی تاکید
    دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر فرانس کی تاکید

فرانسیسی وزیر داخلہ نے دہشت گردانہ حملوں سے مقابلے کے بارے میں یورپی یونین کے جلد از جلد فیصلے پر تاکید کی ہے۔


اطلاعات کے مطابق فرانسیسی وزیر داخلہ برنار کازنو نے یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے داخلہ کے اجلاس کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا ہے کہ امید ہے کہ آج یورپ اس اہم مسئلے کے بارے میں، کہ جس کے بارے میں پہلے ہی بہت تاخیر ہوچکی ہے، کوئی فیصلہ کرلے گا۔ پیرس میں گزشتہ ہفتے ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد فرانس کی درخواست پر یورپی یونین کے وزرائے داخلہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہورہا ہے۔ یورپی یونین کے ایک اعلی عہدیدار نے کہا کہ اس اجلاس میں شینگن علاقے سے متصل سرحدوں پر مسافروں کے بارے میں، حتی ان مسافروں کے بارے میں بھی کہ جن کے پاس یورپی یونین کی شہریت ہے، یورپی یونین کے رکن اٹھائیس ممالک کے وزرائے داخلہ سخت تر نگرانی کا فیصلہ کریں گے۔

اس اجلاس کا انعقاد پیرس حملوں کے ماسٹر مائنڈ کے بارے میں یہ بات واضح ہونے کے بعد کیا جارہا ہے کہ اس کا تعلق بیلجیم سے تھا۔

پیرس حملوں کا ماسٹر مائنڈ داعش میں شمولیت کے لئے شام گیا تھا اور پھر وہاں سے یورپ واپس چلا گیا تھا۔

شینگن قوانین کے مطابق اس معاہدے کے رکن بائیس ممالک کے شہری شینگن معاہدے کے تمام رکن ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کرسکتے ہیں۔

ادھر برطانیہ کے وزیر داخلہ نے بھی کہا ہے کہ اس میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے کہ یورپی یونین کی سرحدوں سے باہر کی سیکورٹی کا اس یونین کی داخلی سیکورٹی سے براہ راست تعلق ہے اسی لئے پناہ گزینوں کے اندراج کے مراکز کی تشکیل کی طرح کے اقدامات ہونے چاہئیں۔

یورپی یونین کے وزرائے داخلہ کے ہنگامی اجلاس میں ایک اور منصوبے کے جائزے کی امید ہے اور وہ ہے یورپی سرحدی ایجنسی کی تشکیل کا منصوبہ۔ یہ ایجنسی یورپ کے عدالتی اور پولیس کے نظام کے ساتھ تعاون کرے گی۔

اس تعاون کا مقصد پناہ گزینوں کے اندارج کے مراکز کی تشکیل اور یورپی پولیس کے ساتھ اطلاعات کا تبادلہ کرنا ہے۔

فرانس رواں سال کے آخر تک یورپ میں امریکا کی طرح مسافروں کے اندارج کا نظام شروع کرنے کے سلسلے میں یورپی یونین کو قائل کرنا چاہتا ہے۔ یہ منصوبہ یورپ میں ذاتی اطلاعات کی حفاظت کے طریقہ کار کی وجہ سے ہمیشہ موضوع بحث بنا رہا ہے۔

ٹیگس