Mar ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۸ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف امریکی پابندیوں میں اضافہ کئے جانے کی کوشش

ایران کے خلاف غیر ایٹمی پابندیوں میں اضافہ کئے جانے کی امریکی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔

امریکہ کے ریپبلکن اور ڈیموکریٹس سینیٹروں کے ایک گروپ  نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف غیر ایٹمی پابندیاں بڑھانے کا ایک بل پیش کیا ہے۔ ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یہ بل، امریکہ کے ڈیموکریٹ سینیٹر رابرٹ مننڈز اور ریپبلکن سینیٹر اور سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین باب کریکر نے پیش کیا ۔

رابرٹ مننڈز نے کہا ہے کہ یہ بل خاص طور سے اس طریقے سے تیار کیا گیا ہے کہ جس سے امریکہ کے سابق صدر باراک اوباما کے دور میں طے پانے والے ایٹمی معاہدے میں کوئی مداخلت نہ ہو سکے۔ اس بل کو امریکہ کے چودہ ریپبلکن اور ڈیموکریٹ سینیٹروں کی حمایت حاصل ہے۔

امریکہ کے ان سینیٹروں نے ایران کے خلاف بے بنیاد دعوؤں کا اعادہ کرتے ہوئے تہران پر دہشت گردی کی حمایت، انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور میزائل پروگرام کے ذریعے دھمکیوں اور خطرات جیسے مقاصد کو آگے بڑھانے کا الزام عائد کیا ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکہ میں متنازعہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے واشنگٹن نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اور زیادہ دشمنانہ پالیسیاں اختیار کر رکھی ہیں۔ امریکی حکام نے دعوی کیا ہے کہ ایران کا میزائل پروگرام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتّیس کی خلاف ورزی ہے اور میزائل تجربات میں ایسے میزائل بھی شامل ہیں جو ایٹمی وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کی ترجمان نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ ایران کے میزائل تجربات ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام نے بھی بارہا اعلان کیا ہے کہ ایران کے بلسٹیک میزائل ایٹمی وار ہیڈز لے جانے کے لئے تیار نہیں کئے گئے ہیں اور ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کی کوئی ضرورت نہیں ہے اس لئے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے فتوے کے مطابق ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال حرام ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران خود کو ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ پر پابندی کے معاہدے این پی ٹی کا پابند سمجھتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی حکام  کی نظر میں صیہونی حکومت اور سعودی عرب کے جرائم پر خاموش نہ رہنا اور فلسطین، یمن اور شام کے عوام کی حمایت کرنا دہشت گردی کی حمایت کے مترادف ہے۔

ٹیگس