Oct ۱۶, ۲۰۲۵ ۲۰:۳۴ Asia/Tehran
  • پاکستان:  اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اہم

پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے اور مشترکہ تجارت میں دس ارب ڈالر کے مقررہ ہدف کے حصول کی خواہش کا اظہار کیا ہے

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے صوبے سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے آج کراچی میں ایران کے نئے قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے ایران کو ایک برادر اور مسلمان ملک بتاتے ہوئے کہا کہ اُس کے ساتھ پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ کے گہرے تاریخی اور مضبوط تعلقات ہیں۔

انہوں نے ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی موجودہ سطح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے قونصل جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ آپ کے دور میں تعاون کی توسیع کے مقصد سے، خاص طور پر صوبہ سندھ اور ایرانی صوبوں کی صلاحیتوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تجارت کے شعبے میں مزید موثر اقدامات کیے جائیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جلد ہی صوبائی وزراء کا ایک وفد ایران کے قونصل جنرل سے ملاقات کرے گا اور تعلقات کو فروغ دینے کے لیے نئے عملی اقدامات کا جائزہ لے گا۔

ملاقات میں کراچی سے تہران کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صوبے سندھ کے وزیر اعلیٰ نے ایران کے ساتھ تجارت میں دس ارب ڈالر کا حجم حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر ایران کے قونصل جنرل نے ایران کے سفیر کی جانب سے سید مراد علی شاہ کو ایران کے دورے کی دعوت پیش کی، جس کا انہوں نے خیرمقدم کیا

 

ٹیگس