Jul ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۲:۴۵ Asia/Tehran
  • الیس ویلز پاکستان اورافغانستان کے لیے قائم مقام نمائندہ خصوصی

ٹرمپ انتظامیہ نے الیس ویلز کو پاکستان اور افغانستان کے لیے قائم مقام نمائندہ خصوصی تعینات کردیا ہے۔

نو منتخب قائم مقام نمائندہ خصوصی الیس ویلز ایک فارن سروس آفیسر (ایف ایس او) ہیں جو اس وقت قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری برائے جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کام کر رہی ہیں۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمینٹ کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک پوسٹ کے مطابق الیس ویلز 28 سالہ تجربہ کی حامل ایک سینیئر سفارتکار ہیں، جو اسلام آباد میں اپنے فرائض سرانجام دے چکی ہیں۔ اس کے علاوہ الیس ویلز اردن میں امریکی سفیر کی حیثیت سے اپنے فرائض سر انجام دے چکی ہیں اس کے علاوہ وہ نئی دہلی، ماسکو، ریاض اور دوشنبہ میں بھی اپنی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

الیس ویلز وائٹ ہاؤس اور اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں مختلف عہدوں پر بھی اپنے فرائض سر انجام دے چکی ہیں۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکی پالیسیوں کا تبادلہ کرتا ہے اور براہ راست پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں اور نیٹو اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے بجٹ کو 28 فیصد کم کرنے کے فیصلے کے بعد کہا جا رہا تھا کہ نمائندہ خصوصی کا دفتر بھی بند کردیا جائے گا۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کی جانے والی یہ تعیناتی اس وقت سامنے آئی جب امریکا پاکستان اور افغانستان کے لیے اپنی حکمت عملی کا جائزہ لے رہا ہے جس میں اہم انتظامی اور پالیسی تبدیلی کے امکانات ہیں۔

ٹیگس