Nov ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۴ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ: زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت

ایران میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے ایران میں زلزلے سے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں اقوام متحدہ کے نمائندے گری لوئیس نے آج اپنے ٹویٹ میں ایران کے مغربی علاقوں میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زلزلہ زدگان کی ہر ممکن امداد کیلئے اقوام متحدہ کی آمادگی کا اعلان کیا۔ یاد رہے کہ کل رات آنے والے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی اوراب تک 214 افراد کی لاشوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے اور زلزلے کی شدت کے پیش نظر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زلزلے میں 2504 افراد زخمی ہوئے۔ شدید زلزلے کے بعدآفٹرشاکس کا سلسلہ جاری ہے اوراب تک 118 آفٹرشاکس ریکارڈ کئے گئے۔

کرمانشاہ کے گورنر کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو اطراف کے شہروں میں منتقل کیا گیا ہے۔ کرمانشاہ میں بجلی کی سپلائی معطل ہے۔ زلزلے کی وجہ سے لوگوں نے رات گھروں سے باہر گزاری۔ کرمانشاہ کے گورنر نے صوبے میں 3 روزہ عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔

در ایں اثنا ایران کے وزیر داخلہ رحمانی فضلی نے کہا ہے کہ صدر مملکت کے حکم کے مطابق فوری طور پر زلزلہ زدہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں اور درجنوں ہیلی کاپٹر امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ کل رات ایران کے ایران کے مغربی علاقوں خاص طور سے کرمانشاہ اور کردستان میں رکٹر اسکیل پر 7.3 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی۔ زلزلے کے جھٹکے عراق میں بھی محسوس کئے گئے۔

ٹیگس