Jun ۲۷, ۲۰۱۹ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران ایٹمی معاہدے پرکاربند ہے، یوکیا امانو

عالمی جوہری ادارے نے ایک بار پھر ایران کی دیانتداری کی تصدیق کی ہے۔

عالمی جوہری ادارے کے ڈائریکٹر یوکیا امانو نے  بدھ کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جوہری معاہدے سے متعلق قرارداد نمبر 2213 کے نفاذ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں اس بین الاقوامی  معاہدے سے متعلق عالمی جوہری ادارے کی مسلسل رپورٹوں کا ذکر کرتے ہوئے ایک بار پھر جوہری معاہدے پر عمل درآمد کرنے سے متعلق اسلامی جمہوریہ ایران کی دیانت داری اور شفاف کارکردگی کی تصدیق کی ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارے کو ایران میں ان مراکز اور تنصیبات تک جو معائنہ کاری ضروری تھی، رسائی حاصل رہی ہے۔

عالمی جوہری ادارے کے ڈائریکٹرنے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے 8 مئی کو ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ جوہری معاہدے کی شقں نمبر 26 اور 36 کے مطابق اس بین الاقوامی معاہدے کے بعض حصوں سے جزوی طور پر دستبردار ہوجائے گا۔

یوکیا امانو نے مزید کہا کہ ایران نے اراک میں ہیوی واٹر ری ایکٹر کی از سر نو تعمیر پر کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔

یاد رہے کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے سربراہ نے اب تک 15 مرتبہ ایران کی شفاف کارکردگی کی تصدیق کرتے ہوئے جوہری معاہدے سے متعلق ایرانی وعدوں پرعمل درآمد کے حوالے سے رپورٹیں جاری کی ہیں۔ اس کے باوجود امریکی صدر ٹرمپ نے تمام عالمی قوانین اور اصولوں کو نظرانداز کرتے ہوئے گزشتہ سال مئی میں غیرقانونی طور پر جوہری معاہدے سے نکلنے اور ایران کے خلاف پابندیاں بحال کرنے کا اعلان کیا اور اب ایران کو دھمکیاں دے رہا ہے۔

ٹیگس